بھٹکل 9 فروری (ایس او نیوز) بھٹکل نوائط کالونی تعلقہ اسٹڈیم میں جاری ایک کرکٹ میچ کے دوران ایک کھلاڑی کے سر کو گیند لگ گئی، جس کے تنیجے میں وہ زخمی ہوگیا۔ حادثہ منگل کو پیش آیا۔
بھٹکل تعلقہ اسٹدیم المعروف وائی ایم ایس اے میدان میں شاہین مخدوم اورالجامعہ کے درمیان میچ جاری تھا جس میں شاہین مخدوم نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 20 اووروں میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 166 رن بنائے تھے، جواب میں الجامعہ کے بلے باز میدان میں اُترے تو چوتھے اوور میں صرف 14 رن بناکر دو کھلاڑی پویلین لوٹ گئے تھے، تیسرے نمبر پر شاہد مختصر میدان میں اُترے اور انہوں نے آتے ہی اپنے بہترین کھیل کے جوہر دکھانے شروع کردئے، ابتدا میں انہوں نے ہیلمٹ پہن کر ہی بلے بازی کی اور تیزی کے ساتھ انہوں نے پانچ چوکوں کی مدد سے 38 رن بناتے ہوئے اسکور کو سیدھے 86 تک لے گئے، اس دوران جب انہوں نے دیکھا کہ سلو باولر گیندبازی کے لئے آیا ہے تو اپنا ہیلمیٹ اُتار دیا اور ہیلمٹ اُتارنا اس کے لئے مہنگا ثابت ہوا اور اس دوران ایک سلو گیند ان کے بلّے سے ٹکرانے کےبعد سیدھے ان کے سر کو جالگی۔ گیند ان کی انکھوں کے بالکل قریب تھوڑا اوپر جالگی جس سے ان کو فوری طور پر سرکاری اسپتال لے جایا گیا۔ چونکہ گیند کافی سلو تھی، لیکن بلے سے لگ کر انکھ کے تھوڑا اوپر جالگی تھی، اس لئے زیادہ نقصان نہیں ہوا۔ بعد میں شاہد کو انکھوں کے ماہر کو بھی دکھایا گیا ہے، علاج جاری ہے۔
یاد رہے کہ شاہد مختصر ساحل آن لائن کے کافی پرانے اسٹاف ہیں، ساحل آن لائن کی میڈیا ٹیم میں شامل ہوکر وہ کاروار اور دیگر علاقوں میں بھی اپنے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرچکے ہیں۔ ان کے زخمی ہونے کی اطلاع ملتے ہی ساحل آن لائن کے مینجر اور رپورٹر منجونائک سمیت دیگر اسٹاف اسپتال پہنچ کر ان کی عیادت کی ہے اور حال چال دریافت کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی ہے۔
بتاتے چلیں کہ میچ کے دوران شاہد کے زخمی ہوکر پویلین لوٹنے کے بعد سبحان نے بہترین کھیل کا مظاہرہ پیش کرتے ہوئے ناٹ اوٹ 48 رن بنائے اور الجامعہ نے یہ میچ چار وکٹوں سے جیت لیا۔